بھٹکل،25؍ جنوری (ایس او نیوز) جشن یوم جمہوریہ کی مناسبت سے بھٹکل ویلفیئر ہاسپٹل میں 26 جنوری کو صبح کے وقت فری میڈیکل کیمپ منعقد ہوگا ۔ جس کے دوران مریضوں کی مفت جانچ کے علاوہ لیباریٹری جانچ کی چارجس میں%30 اور فارمیسی کے بل پر%10 رعایت دی جائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویلفیئر ٹرسٹ کے سیکریٹری قادر میراں پٹیل نے بتایا کہ ویلفیئر ہاسپٹل میں مستقل ڈاکٹروں کا تقرر ہوا ہے جو عام مسائل سمیت حادثات اور دوسری ایمرجنسی صورت میں بھی مریضوں کی خدمت کے لئے بروقت دستیاب رہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہر ہفتہ بیرون شہر سے آنے والے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں گرد و نواح اور مضافات میں بسنے والے عوام کے لئے فری میڈیکل کیمپس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ہاسپٹل کے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ظہیر کولا نے بتایا کہ ہمارے ہاسپٹل میں حادثہ کا شکار ہونے والے افراد کو ایمرجنسی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے 24x7 ڈاکٹروں کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ کفایتی خرچ پر مختلف قسم کے آپریشنس اور سرجیکل پروسیجرس انجام دئے جاتے ہیں ۔ بھٹکل کے سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک کے فرزند ڈاکٹربھرت نائک کو جنرل اور پلاسٹک سرجن کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر بھرت نائک نے دوسرے بڑے اسپتالوں میں خدمات انجام دے کر خوب تجربہ حاصل کیا ہے ۔ اب اپنے شہر میں عوام کی خدمات انجام دینے کی نیت سے انہوں نے ویلفیئر ہاسپٹل جوائن کیا ہے ۔ خصوصاً ہرنیا، اپینڈیکس، ہاتھ پاوں کے السر، ذیابیطس کے زخم ، حادثات میں آئے ہوئے زخموں کا علاج وغیرہ بہتر انداز میں کرنے کی قابلیت اور مہارت ڈاکٹر بھرت رکھتے ہیں ۔ اس لئے ضرورتمند عوام کو ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اس موقع پر ویلفیئر ہاسپٹل کے ذمہ دار سید ابوالاعلیٰ برماور بھی موجود تھے ۔